افشاں رضوان:شہر کی اوپن مارکیٹ میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں سرکاری ریٹ لسٹ سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق لیموں دیسی کی سرکاری قیمت 285 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم یہ 600 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح آلو 18 روپے کے بجائے 30 روپے، جبکہ پیاز 60 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
ٹماٹر کی سرکاری قیمت 32 روپے ہے مگر بازار میں 50 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ لہسن 505 روپے کے بجائے 700 روپے، جبکہ ادرک 275 روپے کے مقابلے میں 400 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
دیگر سبزیوں میں بھنڈی 76 کے بجائے 100 روپے، کریلے 57 کے مقابلے میں 90 روپے اور ٹینڈے 140 روپے کے بجائے 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ پھلوں میں تربوز 50 روپے کے بجائے 70 روپے، آڑو 185 کے مقابلے میں 200 روپے، سیب 355 کے بجائے 400 روپے جبکہ کیلا 150 روپے درجن کے بجائے 200 روپے درجن میں فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔