سٹی42: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مقبولیت ہر گزرتے سیزن کے ساتھ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ معروف ڈیجیٹل تجزیاتی ادارے "ولی ٹیکنالوجی" کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل سیزن 10 کو دنیا بھر میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے ابتدائی تین میچز کو 40 کروڑ 70 لاکھ سے زائد شائقین نے پسند کیا جبکہ ابتدائی 12 میچز 1 ارب 10 کروڑ سے زائد افراد نے دیکھے۔ پی ایس ایل کے اب تک کے 21 میچز سوشل میڈیا پر 1 ارب 40 کروڑ بار دیکھے گئے جس سے لیگ کی عالمی سطح پر مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پی ایس ایل سیزن 10 سے 1 کروڑ 29 لاکھ نئے شائقین کا اضافہ ہوا جبکہ صرف سوشل میڈیا پر 4 کروڑ 50 لاکھ افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پی ایس ایل آئی پی ایل جتنی مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔
رپورٹ ولی ٹیکنالوجی کے مطابق دنیا بھر کے کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پر پی ایس ایل کے مواد کو نہ صرف تلاش کر رہے ہیں بلکہ اس سے بھرپور لطف بھی اُٹھا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کی ونڈو میں پی ایس ایل کے انعقاد سے اس کی ویورشپ اور سوشل انگیجمنٹ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔