ملک اشرف : سانحہ نو مئی کے تمام مقدمات یکجا کرنے، جوڈیشل کمیشن بنانے کے متعلق درخواست، ہائیکورٹ نے درخواست 8 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
جسٹس سیدشہبازعلی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ شہری محمد بلال چوہدری کی درخواست پر سماعت کرے گا، عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کررکھے ہیں، درخواست میں پنجاب حکومت، ہوم سیکرٹری، آئی جی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیاہے،درخواست میں آئی جی اورصوبے بھر کی انسداد دہشتگردی عدالتوں سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیارکیاگیا کہ شہریوں کو بروقت انصاف فراہم نہ کرنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔نو مئی واقعات پر صوبے بھر میں سیاسی رہنماؤں اورکارکنوں پر کیسز درج کئے گئے۔ بانی پی ٹی آئی پر نو مئی واقعات کی سازش کا الزام لگایا گیا۔ ایک سال کے دوران ہزاروں لوگوں کو گرفتار کیا گیا جس سے حکومتی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے، ایسا کرنا غیرقانونی اورغیرآئینی ہے۔ درخواست میں مزیدکہا گیا ایک سال میں تحقیقات مکمل نہ ہونے سے جوڈیشل سسٹم پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت تمام کیسز یکجا کرنے اور تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے۔