سٹی42: محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، خیبرپختونخوا،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی/وسطی پنجاب اور گلگت بلتستان میں آندھی/جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری/ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اورشمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں /آندھی/جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
باغوں کے شہر لاہور میں دھندلی دھوپ اور جزوی ابر آلود موسم کا سلسلہ جاری جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے امکانات 10 سے 20 فیصد ہیں تاہم کل بارش برسنے کے 60 فیصد امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری جبکہ کم سے کم 24 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے۔شہر میں ہوائیں 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
خوشگوار موسمی تبدیلی کے باوجود شہر کی فضا میں آلودگی کی شرح بدستور تشویشناک ہے۔ لاہور ملک کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 132 ریکارڈ کی گئی ہے۔غازی روڈ انٹرچینج میں 124، طفیل روڈ میں 115، عسکری ٹین میں 93 ،شاہراہِ قائد اعظم میں 65 ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور فضا کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری اور کم سے کم 29 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔شہر میں ہوائیں مغربی سمت سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات (پارٹیکولیٹ میٹرز) کی مقدار 101 ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، کھڑکیاں بند رکھنے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گرمی اور آلودگی دونوں کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
دوسری جانب الرٹ کے مطابق تونسہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ملتان، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح میں گرد آلود آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔