ملک اشرف : مغوی کی بازیابی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کیس، لاہور ہائیکورٹ نے آر پی او گوجرانوالہ کی رپورٹ پر درخواست نمٹا دی ۔
لاہور ہائی کورٹ میں مغوی کی بازیابی اور گوجرانوالہ کے تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے سائلہ شاہدہ پروین کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فلک شیر گل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ آر پی او نے گوجرانوالہ ڈویژن کے تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔
عدالت کو آگاہ کیا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں118 تھانے ہیں ، تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور فعال ہیں۔ عدالت نےآر پی او گوجرانوالہ کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےدرخواست نمٹا دی۔عدالت پہلے ہی درخواست واپس لیے جانے کی بنیاد پر مغوی کی بازیابی کی حد تک کیس نمٹا چکی تھی۔