ویب ڈیسک : ترکیہ کے ساحلی سیاحتی علاقے مارماریس میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا، مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 17 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز یونانی جزیرے میں سطح زمین سے 68 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے باعث مارماریس اور اطراف کے علاقوں میں عمارتیں لرز اٹھیں، لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم 7 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
زلزلہ پیما ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کو مزید جھٹکوں کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔