علی ساہی: لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیا ڈیجیٹل چالاننگ نظام متعارف کرا دیا گیا جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان مکمل شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس ون ایپ کے ذریعے شہریوں کے چالان جاری کرے گی، جبکہ ہر چالان کے ساتھ موقع پر لی گئی ویڈیو اور تصاویر بطور ثبوت محفوظ کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ٹریفک چالان کی ادائیگی کے لیے 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ٹریفک خلاف ورزی کے شواہد کا لنک بھی موجود ہوگا۔
وقاص نذیر کے مطابق شہری ایس ایم ایس میں موجود لنک کھول کر اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر سمیت مکمل ثبوت دیکھ سکیں گے، جس سے چالاننگ کے عمل میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں نیا نظام ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، شفاف چالاننگ اور شہریوں کو قابلِ تصدیق شواہد فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے ای چالان نادہندگان کے خلاف صوبہ بھر میں بھرپور کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم جولائی سے ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کو ٹریفک ون ایپ فراہم کر دی گئی تھی، جس کے ذریعے موقع پر ہی ای چالان کی تصدیق اور واجبات کی وصولی ممکن ہوگی۔
مزید بتایا گیا تھا کہ شہری اپنے ای چالان کی تفصیلات پنجاب سیف سٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتےتھے۔ اگر کسی شہری نے ای چالان کی ادائیگی نہ کی تو متعلقہ موٹر سائیکل یا گاڑی کو بند کر دی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ای چالان بروقت ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزیدبتایا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے، لہٰذا تمام شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوانین پر عمل کریں۔
دوسری جانب حال ہی میں وحدت روڈ پر ٹریفک پولیس نے 112 ای چالان اور 2 لاکھ 7 ہزار 800 روپے کے واجب الادا جرمانوں والی موٹرسائیکل تحویل میں لے لی تھی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل کا ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ مالک کے خلاف مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر 112 ای چالان جاری کیے جا چکے تھے، جن کے جرمانوں کی مجموعی مالیت 2 لاکھ 7 ہزار 800 روپے تھی۔ موٹرسائیکل کو بعد ازاں تھانہ وحدت روڈ منتقل کر دیا گیا۔
ریکارڈ کے مطابق موٹرسائیکل سوار نے 55 مرتبہ بغیر ہیلمٹ، 20 مرتبہ سگنل کی خلاف ورزی، 28 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی اور 8 مرتبہ اوور اسپیڈنگ کی۔
علاوہ ازیں سندھ میں ای چالان کے بھاری جرمانوں سے پریشان شہریوں کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی ہے، کیونکہ حکومت نے ٹریفک قوانین سے متعلق بعض جرمانوں پر نظرثانی کا عندیہ دیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو تجویز دی گئی ہے کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ نہ پہننے پر کیے جانے والے ای چالان ختم کر دیے جائیں، جبکہ ای چالان کے موجودہ نظام میں بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ کے وقت اس کی شدید مخالفت کی گئی تھی، تاہم حکومت اس نظام کو زیادہ مؤثر اور عوام دوست بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب بھی تمام گاڑیوں میں ڈیش کیمرے نصب نہیں کیے جا سکے، جبکہ کراچی میں واٹر ٹینکرز پر بھی سو فیصد ٹریکرز لگانے کا ہدف مکمل نہیں ہو سکا۔ ان کے مطابق بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں اور بعض معاملات میں فوجداری نوعیت کے مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔