ویب ڈیسک:وفاقی حکومت نے معیشت کی بحالی کےلیے منصوبہ تیار کر لیا۔ حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی کے مجوزہ منصوبے کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کی تفصیلات گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پیش کی گئیں۔ مجوزہ منصوبے کے مطابق ٹارگٹڈ سبسڈی معاشرے کے صرف کم آمدن طبقے کو دی جائے گی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات اور گیس پر پیٹرولیم لیوی 70 سے 100 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز ہے، اس کے علاوہ عام دکانداروں اور تاجروں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی معاشی بحالی منصوبے کا حصہ ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق صوبوں کو منتقل کیے جانے والے فنڈز گیس اور بجلی کے شعبے میں لائن لاسز سے منسلک کر دیے جائیں گے جبکہ پیٹرول، بجلی اور گیس کی راشننگ کے ذریعے جاری کھاتوں کا خسارہ پورا کیا جائے گا، اس کے علاوہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کا تعین مارکیٹ کی بنیاد پر کرنے کی تجویز معاشی بحالی منصوبے میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی اور غیر ملکی قرض کی ری اسٹرکچرنگ کی بھی تجویز معاشی بحالی کے منصوبے کا حصہ ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کےلیے 10 سالہ جامع منصو بہ تیار کیا جائے گا،منصوبہ دوست ممالک سے شئیر کر کے اسٹرکچرڈ سپورٹ مانگی جائے گی،ان ممالک میں چین، یو اے ای، سعودی عرب، قطر، یورپی یونین اور امریکا شامل ہیں۔