سٹی 42: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کو عام آدمی کے مسائل کاعلم ہی نہیں ہے۔بہاولپور میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے رہنماؤں کی تقاریر پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز چاند پر تھوکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ملکی سالمیت کو داؤ پر لگا کر سیاست کرنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں۔ معاون خصوصی فردوس عاشق نے کہا کہ بہاولپور کے عوام ن لیگ سے نظرانداز کرنے کا حساب مانگ رہے ہیں۔ ماڈل ٹاوَن لاہور کے قاتل کو ساتھ کھڑا کر کے مریم نواز کس منہ سے انصاف کی بات کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز دعوے نہ کریں بلکہ اب استعفوں پرعمل کریں۔ مریم نواز کے رانا ثنااللہ کی تعریف پر حاضرین گتھم گتھا ہوگئے۔
بہاولپور نے بھی وہی فیصلہ دیا جو لاہور دے چکا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سند یافتہ جعلساز اب وزیراعظم اور اسمبلیوں کو جعلی کہہ رے ہیں۔ فضل الرحمان کو کشمیر پر بات کرتے ہوئے کوئی شرم بھی نہیں آتی۔فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف مذہب کارڈ استعمال کرنے کی مذموم حرکت کی۔انہوں نے کہا کہ مدرسوں کے طلبا کو اسلام کے نام پر حکومت کے خلاف مشتعل کیا گیا۔ مدارس کے بچوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا سفاکی اور غداری ہے۔مدرسوں کے طالب علموں کو لاکر سیاسی سپاٹ فکسنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ مولانا اپنے مدارس کے طالب علموں کی طاقت کے استعمال کو ہی جمہوریت سمجھتے ہیں۔