سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ادویات کے کنٹینرز کو روکے جانے کے حوالے سے نیوز چینلز پر نشر ہونے والی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ادویات کے کنٹینرزاورگاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس اورچیف کمشنراسلام آباد سے رابطہ کیا اورادویات سے لدے کنٹینرز کو روکنے سے متعلق صورتحال دریافت کی۔ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو تحویل میں لیے گئے ادویات کے کنٹینرزاورگاڑیوں کو فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ میڈیسن کے کنٹینرزاورگاڑیوں کو کسی صورت نہیں روکا جائے۔
انہوں نے متعلقہ پولیس اورانتظامی حکام کو ہدایت کی کہ ادویات کی ترسیل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے اور اس ضمن میں جاری احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ادویات انسانی زندگی سے متعلق انتہائی اہم معاملہ ہیں، اس لیے ان کی ترسیل میں بلاوجہ رکاوٹ برداشت نہیں کی جا سکتی۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادویات کے کنٹینرزاور گاڑیوں کے معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں راستہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے انتظامیہ اور پولیس حکام کو معاملے کی نگرانی اور احکامات پرعمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
کنٹینر مالکان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے راولپنڈی اور اسلام آباد کیلئے ادویات لے کر آنے والے کنٹینرز بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔
مالکان کے مطابق کنٹینرز میں موجود ادویات گرمی کی شدت کے باعث خراب ہونے کا خدشہ ہے، جس سے ادویات کی ترسیل اور متعلقہ افراد کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کنٹینر مالکان نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکاروں نے کنٹینرز کی چابیاں اور کاغذات بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔ پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس، بلٹی رسیدوں سمیت دیگر ضروری دستاویزات بھی تحویل میں لے لیے۔مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات سے بھرے کنٹینرز کو فوری طور پر منزل تک پہنچنے کی اجازت دی جائے تاکہ ادویات خراب ہونے سے بچ سکیں۔