ملک اشرف : ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کے شفاف انتخابات کروانے کے کردار کا اعتراف، لاہور ہائیکورٹ بار کی جانب سے اعزازی ایوارڈ دیا گیا .
لاہور ہائیکورٹ بار کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کو پنجاب بار کونسل کے شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں مؤثر کردار ادا کرنے پر اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں بار عہدیداروں نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔ صدر ہائیکورٹ بار اور دیگر عہدیداروں نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کو اعزازی ایوارڈ پیش کیا۔ تقریب میں پنجاب بار کونسل کے شفاف انتخابات کے انعقاد میں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کے تعاون، غیرجانبدارانہ کردار اور قانونی رہنمائی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔
صدر بار سمیت دیگر بار عہدیداروں نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کے حالیہ انتخابات میں شفافیت، نظم و ضبط اور قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری دیکھنے میں آئی، جس میں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد امجد پرویز کا کردار قابلِ تحسین رہا۔ وکلاء برادری کے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کی معاونت ایک مثبت مثال ہے ، تقریب میں اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد نواز سمیت دیگر لاء افسران بھی موجود تھے۔ شرکاء نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ وکلاء اداروں کی بہتری اور قانونی نظام کے استحکام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔