ویب ڈیسک: شدید فروخت کے دباؤ کے بعد عالمی اور مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو حالیہ دنوں میں ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,767.33 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جبکہ اپریل ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 3 فیصد بڑھ کر 4,791.10 ڈالر فی اونس ہو گئے۔ عالمی منڈی میں آج فی اونس سونا 137 ڈالر مہنگا ہو کر 4,814 ڈالر پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ اضافہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مندی کے بعد دوبارہ خریداری کا نتیجہ ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے شدید اتار چڑھاؤ کے بعد قیمتیں اب نسبتاً متوازن سطح کی طرف آ رہی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 137 ڈالر فی اونس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا بڑھ کر 4 ہزار 813 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی تین روزہ کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔ 24 قیراط فی تولہ سونا 13 ہزار 700 روپے اضافے کے بعد بڑھ کر 5 لاکھ 4 ہزار 62 روپے ہو گیا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 11 ہزار 745 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 32 ہزار 151 روپے تک پہنچ گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی تولہ چاندی 416 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 821 روپے کی سطح پر آ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین دنوں میں عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 825 ڈالر کی کمی آئی تھی، جس کے باعث عالمی گولڈ مارکیٹس کو کھربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح پاکستان میں بھی تین دن کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 82 ہزار 500 روپے سستا ہوا تھا۔