(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن 7 سے قبل اہم آفیشل مستعفی ہوگئے، پی سی بی کے جی ایم کمرشل عمران احمد خان ڈرافٹ تک ہی مزید ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمران احمد خان ابتدا سے ہی پی ایس ایل کی آرگنائزنگ ٹیم کا اہم حصہ رہے ہیں، کھلاڑیوں سے رابطے، فرنچائزز کی مشکلات کے حل تلاش کرنے سمیت تمام امور وہی دیکھتے رہے۔ حال ہی میں ٹائٹل اسپانسر شپ ڈیل میں بھی ان کا اہم کردار تھا، تمام ٹیم اونرز انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پس منظر میں رہ کر بیشتر اہم کام کرنے کے باوجود انھیں وہ مقام نہیں مل سکا، جس کے مستحق تھے.
ساتویں ایڈیشن سے قبل عمران کو پوری امید تھی کہ پی ایس ایل کا ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ بنا دیا جائے گا مگر یہ عہدہ عثمان واہلہ کوسونپ دیا گیا، عمران احمد خان اس سے خاصے مایوس ہوئے اور دیگر آپشنز پر غور شروع کر دیا، اب انھوں نے باقاعدہ طور پر استعفیٰ دے دیا اور ساتھیوں کو بھی اپنے فیصلے سے آگاہ کر چکے ہیں، وہ ڈرافٹ تک خدمات انجام دیں گے۔