شاہد ندیم سپرا: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں سولر سسٹم صارفین کے لیے "نیٹ بلنگ پالیسی" میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔
حکام کے مطابق 8 فروری 2026 تک جمع کروائی گئی درخواستوں اور نصب شدہ کنکشنز پر بدستور پرانی نیٹ میٹرنگ پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ تاہم اس کے بعد آنے والی درخواستوں پر نئی "نیٹ بلنگ پالیسی" نافذ کی جائے گی۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب پاور ڈویژن نے نیٹ بلنگ ریگولیشنز کے خلاف نیپرا میں درخواست دائر کی تھی، جسے منظور کرتے ہوئے اتھارٹی نے نئی ریگولیشنز کی منظوری دے دی۔
نئی پالیسی کے تحت آئندہ سولر سسٹم صارفین کو نیٹ بلنگ کی سہولت دی جائے گی۔
اس نظام میں صارفین کو یونٹ کے بدلے یونٹ کا مکمل ریلیف نہیں ملے گا۔
9 فروری سے پہلے جمع کروائی گئی درخواستوں پر نئی پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
لائسنس، معاہدوں اور دیگر ضروری کوائف کی تکمیل کے باوجود پرانی درخواستوں پر نئی پالیسی نافذ نہیں کی جائے گی۔
اگر صارفین اپنے سسٹم کا منظور شدہ لوڈ یا ڈی جی (Distributed Generation) کیپسٹی بڑھاتے ہیں تو:پرانی نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم ہو جائے گی
اور نئی نیٹ بلنگ پالیسی لاگو ہو جائے گی۔
ماہرین کے مطابق نئی پالیسی سے سولر صارفین کے مالی فوائد میں تبدیلی آئے گی، جبکہ حکومت کو بجلی کے نظام پر بہتر کنٹرول حاصل ہوگا۔