راؤ دلشاد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پانچویں کلاس کے طلبہ کو ڈبہ بند فلیورڈ ملک دینے کے پراجیکٹ کا حتمی پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفامز کاجائزہ اجلاس ہوا۔ مریم نواز نے پانچویں کلاس کے طلبہ کو ڈبہ بند فلیورڈ ملک دینے کے پراجیکٹ کا حتمی پلان طلب کرلیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں نان پرفارمنگ 13 ہزار سرکاری سکولوں میں آئندہ 3 ماہ میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا، 13 ہزار نان پرفارمنگ سکولوں میں بہتری کے لئے ایجوکیشن منیجمنٹ آرگنائزیشن سے رابطے کی ہدایت کی گئی۔ لاہور ڈسٹرکٹ میں 136 سکول نان پرفارمنگ سکولوں کے لئے پرائیویٹ سیکٹر سے پارٹنر شپ کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں سرکاری سکولوں میں غیر موجود سہولیات کی فراہمی کیلئے ڈونرز سے رابطے کااصولی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایجوکیشنل این جی اوز سے پارٹنر شپ کی تجویز پر غور کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو سکول ٹرانسپورٹ سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن راناسکندر حیات کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں نصابی کتب کی فراہمی کا منصوبہ تیار کرلیا، کوالٹی آف ٹیچنگ، ایویلیوایشن اور مانیٹرنگ کا میکانزم بنایا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سکولوں میں طلباء کی گھوسٹ انرولمنٹ پر اظہار تشویش کیا، کہا کہ سرکاری سکولوں میں کمپیوٹر لیب اور لائیبریری لازمی ہونی چاہیے۔مریم نواز نے ٹیچرز ریشنل آئیزیشن کا عمل 3 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ ٹیچرز کی ریشنل آئیزیشن کے بعد خالی آسامیوں کو فل کیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری ، وزیر سکول ایجوکیشن راناسکندر حیات، پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری نے اجلاس میں شرکت کی ۔