(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کردیا۔
رخصت ہوتی وفاقی حکومت کے نشانے پر گورنر پنجاب بھی آگئے ،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو عہدے سے ہٹا دیا گیا،ترجمان گورنر پنجاب نے چودھری سرور کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کردی۔
گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وجہ سامنے آگئی
ذرائع کے مطابق رات گئے وفاقی حکومت کے جانب سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو غیر قانونی احکامات دیئے گئے، چودھری محمد سرور نے وفاقی حکومت کے غیر قانونی احکامات کو ماننے سے انکار کردیا تھا جس پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو پرویز الٰہی کے کہنے پر برطرف کیا۔
ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئین کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے اور نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے، نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائیگا، آئین کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قائم مقام گورنر ہوں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) April 3, 2022
واضح رہےکہ گورنر پنجاب دوسری مرتبہ بھی مدت پوری نہیں کرسکے, چودھری سرور کومسلم لیگ ن کے دور میں استعفی دینا پڑا تھا جبکہ پی ٹی آئی کے دور میں عہدے سے ہٹا دیئےگئے۔