سٹی 42: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ماہ رمضان المبارک کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔ تراویح کا اہتمام مساجد، امام بارگاہ کے احاطے میں کیا جائے جبکہ شہری سڑکوں اور فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر کورونا کے بڑھتے کیسز کے حوالے سے این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ماہ رمضان کی مناسبت سے گائیڈ لائنز تیار کی گئی ہیں۔ مساجد، امام بارگاہوں میں وضو کرنے پر پابندی ہوگی اور نمازی حضرات گھر سے وضو کر کے آئیں گے۔ نمازی وضو کرتے وقت صابن سے 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھوئیں۔ ایس او پیز کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں میں قالین، دریاں نہیں بچھائی جائیں گی اور نماز فرش پر ادا کی جائے گی۔ مساجد، امام بارگاہ کے فرش کو کلورین ملے پانی سے دھویا جائے۔
شہری مسجد میں گھر سے جائے نماز ساتھ لانے کو ترجیح دیں، 50 سال سے زائد العمر، بچوں کو مساجد اور امام بارگاہ جانے نہیں آنا چاہیئے۔ فلو، کھانسی میں مبتلا نمازیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ نمازی حضرات ماسک پہن کر مسجد، امام بارگاہ آئیں اور مجمع لگانے سے گریز کریں۔ صف بندی کے دوران نمازیوں کے مابین 6 فٹ فاصلہ رکھا جائے، نمازیوں کی سہولت کیلئے صفوں میں فاصلہ رکھ کر نشانات لگائے جائیں۔ انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی تشکیل دیں۔
ایس او پیز کے مطابق کورونا کی موجودہ صورتحال میں متعکفین گھر پر اعتکاف کریں۔ مساجد، امام بارگاہوں میں سحر و افطار کا اہتمام نہ کیا جائے۔ ہدایت نامہ کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں کی انتظامیہ کو مشروط اجازت دی جا رہی ہے جبکہ اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔ ایس او پیز پر عدم عملدرآمد اور کیسز بڑھنے پر پالیسی پر نظر ثانی ہوگی جبکہ حکومت شدید متاثرہ علاقوں کیلئے پالیسی میں تبدیلی کی مجاز ہے۔