ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

معروف کلاسیکی رقاصہ انتقال کر گئیں

معروف کلاسیکی رقاصہ انتقال کر گئیں
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)فنونِ لطیفہ اور کلاسیکی رقص کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کرنے والی معروف کلاسیکی رقاصہ اور استاد اندو مٹھا 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

اندو متھا 1929 میں لاہور میں اندو چٹرجی کے نام سے ایک بنگالی برہمن خاندان میں پیدا ہوئیں، جو بعد ازاں عیسائیت اختیار کر چکا تھا۔

  قیامِ پاکستان کے وقت ان کا خاندان دہلی منتقل ہوگیا، جہاں انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے فلسفے میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی،اسی دوران انہوں نے جنوبی بھارت کی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے قدیم کلاسیکی رقص بھرت ناٹیم کی تربیت بھی حاصل کی۔

 1951 میں کیپٹن ابوبکر عثمان مٹھا سے شادی کے بعد وہ پاکستان واپس آگئیں، ان کے شوہر بعد میں پاک فوج میں میجر جنرل کے عہدے تک پہنچے اور ہلال جرات بھی حاصل کیا۔

 شوہر کی ملازمت کے باعث اندو مِتھا نے پاکستان کے مختلف علاقوں کا سفر کیا اور جہاں بھی گئیں، کلاسیکی رقص پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسے سکھانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

 انہوں نے لاہور گرامر اسکول میں رقص کی تدریس کی اور بعدازاں اپنی اکیڈمی مضمونِ شوق قائم کی، جہاں انہوں نے رقص سیکھنے کے خواہش مند بے شمار نوجوانوں کی تربیت کی۔

 فنونِ لطیفہ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے 2020 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔

 ان کی زندگی اور فن پر ان کے شاگردوں نے ’ہاؤ شی مووز‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم بھی بنائی، جس میں پاکستان کے کلاسیکی رقص اور موسیقی کے ورثے کو اجاگر کیا گیا۔