روزینہ علی :محکمہ موسمیات کے مطابق اگست کے دوران ملک بھر میں معمول سے 9.4 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی۔
صوبہ سندھ میں بارشیں معمول سے 45.2 فیصد کم رہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ 65.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں اگست کے دوران بارشیں معمول سے 29.2 فیصد، آزاد کشمیر میں 27.6 فیصد اور بلوچستان میں 18.7 فیصد کم رہیں، جبکہ پنجاب واحد صوبہ رہا جہاں معمول سے 17.9 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے ستمبر کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وسطی اور جنوبی پاکستان میں بارشوں میں سب سے زیادہ کمی متوقع ہے، جبکہ سندھ کے جنوبی علاقوں میں بھی بارشیں معمول سے نمایاں کم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ستمبر میں ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور شمالی خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔