ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مزنگ:تہرے قتل اور خودکشی کیس، وجوہات سامنے آ گئیں

مزنگ:تہرے قتل اور خودکشی کیس، وجوہات سامنے آ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وقاص احمد: لاہور کے علاقے مزنگ میں پیش آنے والے پراپرٹی ڈیلر کے فائرنگ اور خودکشی کے افسوسناک واقعے میں ابتدائی تحقیقات کے دوران واقعے کی ممکنہ وجوہات سامنے آ گئی ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ت توقیر نعیم کے مطابق مقتولہ عائشہ بیوہ تھیں، اور ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم شاہد کا ان سے گزشتہ تین سال سے رابطہ تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق 40 سالہ ملزم شاہد، مقتولہ عائشہ کی بڑی بیٹی ثمرہ سے شادی کا خواہشمند تھا، تاہم خاندان کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کر دیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق عائشہ نے اپنی بیٹی کی شادی ملزم سے کرنے سے بھی انکار کیا تھا۔

مزید برآں، مقتولہ عائشہ نے اپنی بیٹی 20 سالہ ثمرہ کا نکاح فروری میں معیض خان سے کر دیا تھا، جس پر ملزم کو شدید رنج اور دُکھ تھا۔

تحقیقات کے مطابق اسی رنجش اور مبینہ بدلے کے جذبے کے تحت ملزم نے گزشتہ رات عائشہ کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں عائشہ، اس کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا جاں بحق ہو گئے، جبکہ ثمرہ اور 9 سالہ مناہل زخمی ہوئیں۔ دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم شاہد نے اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔