( زاہد چوہدری ) مسلم لیگ (ن) کی جانب سے طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کرنے کا سلسلہ جاری، پی آئی سی میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے نمائندوں کو حفاظتی کٹس دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنماؤں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، سابق میئر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، ایم پی اے مرزا جاوید اور سعدیہ تیمور نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس، این 95 ماسک، ہینڈ سینیٹائزر، اینٹی بیکٹیریل تولیے اور صابن دیئے۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار مسیحاوں کو حفاظتی سامان تک فراہم نہیں کر سکی، پی آئی سی کے 34 ڈاکٹرز اور سٹاف ممبران کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن پورے پاکستان میں طبی عملے کو حفاظتی سامان دے رہی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا خاص طور پر وزیر صحت کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران زبانی اعلانات کی بجائے عملی اقدامات کرنے چاہیں۔
پنجاب میں کورونا کے 514 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 6 ہزار 854 جبکہ لاہور میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 154 کنفرم مریض ہوگئے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 48 روزکے دوران لاہور میں کورونا کے 55 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے ریکارڈ 335 کیسز کا اضافہ ہوا۔ ابتک 115 شہری کورونا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 206 کورنا کےمریض صحت یاب اور 22 کی حالت تشویشناک ہے۔