خالد چیمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال کے لیے قائم جنرل اتھارٹی نے رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بدھ 5 مارچ سے کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند افراد 5 مارچ کو صبح 11 بجے سے سرکاری پورٹل پر اپنے کوائف رجسٹر کراسکیں گے۔ رجسٹریشن کا عمل تب تک جاری رہے گا جب تک مقررہ تعداد مکمل نہیں ہو جاتی۔
اتھارٹی کی جانب سے سرکاری پورٹل کے ذریعے رجسٹرڈ افراد کو ضوابط اور شرائط کے مطابق اجازت نامے جاری کیے جائیں گے، جس کے تحت پرمٹ ہولڈرز 20 رمضان کو مسجد الحرام یا مسجد نبوی میں اعتکاف میں بیٹھ سکیں گے۔
یاد رہے کہ حرمین شریفین میں معتکفین کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، جن میں ہر معتکف کو خصوصی کارڈ اور ضروری اشیاء رکھنے کے لیے مخصوص لاکر شامل ہیں۔