شہزاد خان ابدالی: سٹہ باز مافیا پھر کامیاب، ضلعی انتظامیہ بے بس، اکبری منڈی میں چینی کا 100کلو کا تھیلا 210 روپے مزید مہنگا ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں 5 روپے مزید اضافے کے بعد چینی کی قیمت نےسنچری مکمل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سٹہ بازوں نے رمضان المبارک سے قبل ہی اپنے ٹارگٹس پورے کرنا شروع کردیئے ہیں۔ اکبری منڈی میں 100 کلو چینی کا تھیلا 210 روپے اضافے کے بعد 9 ہزار 360 روپے کا ہوگیا۔ اکبری منڈی میں چینی ہول سیل میں 94 فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔ چینی کی قیمتیں بڑھانے کے اثرات اوپن مارکیٹ میں اثر انداز ہونا شروع ہوگئے۔
پرچون میں چینی کی قیمت 100 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حافظ محمد عارف کا کہنا تھا کہ سٹہ باز پہلے ہی چینی 100 روپے فی کلوگرام تک لے جانے کا پلان بناچکے تھے اور وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت سٹہ بازوں کو لگام ڈالنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
دوسری جانب شہر میں آج بھی سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد نہ ہوسکا۔ آلو کی قیمت 35 روپے فی کلو، پیاز 27 روپے، ٹماٹر 30 روپے، لہسن دیسی 260 روپے، لہسن چائنا 180 روپے، ادرک تھائی لینڈ 235 روپے اور ادرک چائنہ کی قیمت مستحکم 260 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔
اسی طرح ٹنڈیاں فارمی 27 روپے، مونگرے 30 روپے، مولی 21، گاجر دیسی 24، ساگ 37، حلوہ کدو کی قیمت میں 5 روپے اضافہ 83 روپے فی کلو میں فروخت ہوئے۔