(ویب ڈیسک) بھارتی اداکار سلمان خان کےقتل کا ایک اور منصوبہ ناکام ، پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے سلمان خان کی گاڑی پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ گرفتار ملزمان نے سلمان خان کے فارم ہاؤس کے ساتھ ساتھ ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ان کےگھر کی بھی ریکی کر رکھی تھی۔
بھارتی پولیس کے مطابق ملزمان نے سلمان خان کےگھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو شوٹروں کی 16 اپریل کو گرفتاری سے ایک ماہ قبل یہ منصوبہ بنایا تھا،جسے ناکام بنادیا گیا ۔
پولیس حکام کے مطابق سلمان خان پر حملے کے منصوبے کی تحقیقات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ اپریل میں بھی سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر دو افراد نے فائرنگ کی تھی جنہیں دو روز بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔ دونوں ملزمان کو گجرات کے شہر بھوج سے گرفتار کیا گیا اور دونوں ملزمان کا تعلق ریاست بہار سے تھا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزمان نے بتایا تھا کہ انہوں نے جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کہنے پر رقم کے عوض سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کی تھی۔
واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیوں کے باعث سلمان خان کی 2022 سے سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور اداکار سلمان خان کو ذاتی ہتھیار رکھنے کا لائسنس بھی دیا گیا ہے۔لارنس بشنوئی کو سلمان خان سے کیا مسئلہ ہے؟
اطلاعات کے مطابق 10 جولائی 2022 کو لارنس بشنوئی نے دھمکی دی تھی کہ وہ اور اس کی برادری کے لوگ نایاب کالے ہرن کے شکار پر سلمان خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے، وہ صرف ایک صورت میں سلمان خان کو معاف کرسکتا ہے اور وہ یہ کہ سلمان خان سر عام اپنے اس عمل پر معافی مانگیں۔