(بسام سلطان)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے یو ایچ ایس کو امتحانات لینے سے روک دیا، کورونا کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے بند ہیں، یو ایچ ایس نے حکام بالا سے بغیر اجازت امتحانات منعقد کئے، یو ایچ ایس کی جانب سے رات کو ہی امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
تفصیل کے مطابق یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز نے امتحانات کا سلسلہ شروع کیا تھا جس کو ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے یو ایچ ایس کو امتحانات لینے سے روک دیا،گزشتہ روز یوایچ ایس نے ایس او پیزکومد نظر رکھتے ہوئےایم بی بی ایس فائنل میڈیسن سپلیمنٹری امتحانات منعقد کیے،پنجاب اورآزاد کشمیر کے37 میڈیکل کالجوں کے291 میں سے275 امیدواروں نےامتحانات میں شرکت کی،وی سی یوایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نےامتحانی مرکز کا دورہ کیا اورامیدواروں سےانتظامات بارے دریافت کیا،صوبائی وزیر ہاوسنگ میاں محمود الرشید نےبھی امتحانی مرکز کا دورہ کیا تھا۔
وی سی پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ امتحانات کی اہمیت کےپیش نظریہ اقدام اٹھایا گیا،ان امیدواروں نے امتحانات کےبعد بطور ہائوس آفیسرکورونا کےمریضوں کے لیےخدمات سرانجام دینی ہیں۔اس موقع پر امیدواروں نےانتظامات پراطمینان کا اظہار کیا۔کورونا وائرس کےباوجود یو ایچ ایس کی جانب سےاحتیاطی تدابیر پرعملدرآمد کرتے ہوئےامتحانات کا انعقاد یقینا دیگرتعلیمی اداروں کےلیےمشعل راہ ہے۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی نےگریجوایشن اورماسٹرزکی سطح پرامتحانات کاشیڈول جاری کردیا، یونیورسٹی نے گریجویشن اور ماسٹرز ڈگری کے امتحانات 22 جولائی سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات محمد راؤف نواز کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات 22 جولائی سے شروع ہوں گے۔
ایم اے، ایم ایس سی، بی کام پارٹ ٹو کے امتحانات کا آغاز 7ستمبرسے ہوگا۔پارٹ ٹو کا امتحان دینے والے امیدوار دونوں روایتی اور ایم سی کیو بیسڈ آن لائن امتحان دینے کی تیاری کریں۔15 جولائی کے بعد حکومت کی جانب سے یونیورسٹیوں کو کھولنے کا فیصلہ ہوا تو مندرجہ بالا پارٹ ٹو کے امتحانات روایتی انداز میں لئے جائیں گے۔ تاہم اگر حکومت کی جانب سے 15 جولائی کے بعد یونیورسٹی بند رہی تو پارٹ ٹو کے امتحان آن لائن ایم سی کیو بیسڈ لئے جائیں گے۔
بی اے ،بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس اینڈ سائنس پارٹ ون کے سالانہ امتحانات یکم اکتوبر سے ہوں گے جبکہ ایم اے، ایم ایس سی، بی کام، ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس پارٹ ون کے امتحانات 2 نومبر سے شروع ہوں گے۔ ترجمان خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پارٹ ون کے امتحانات روایتی انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تاہم یہ کورونا کے باعث پیدا شدہ صورتحال بہتر ہونے اور حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔