ویب ڈیسک: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں 2.52 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
امریکی خام تیل کی قیمت 108.4 ڈالرفی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں 2.38 فیصداضافہ ہو ا ہے جس کے بعد برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 111.6 ڈالرہوگئی ہے.
واضح رہے کہ روس اور یوکرین جنگ کے بعد عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 14روپے 85پیسے اضافے سے 248روپے 74پیسے لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے 23پیسے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 276 روپے 54 پیسے ہو گئی۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 226 روپے 15پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 230روپے 26 پیسے ہوگئی ہے۔
پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر عائد کی گئی ہے جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے پیٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے۔