ویب ڈیسک: چین کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائے ڈی نے سال 2025 میں عالمی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے امریکی کمپنی ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بی وائے ڈی نے سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 22 لاکھ 60 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کیں، جو دنیا بھر میں کسی بھی کمپنی کی اب تک کی سب سے زیادہ سالانہ فروخت ہے۔
ان اعداد و شمار کے بعد بی وائے ڈی پہلی بار سالانہ بنیادوں پر الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں ٹیسلا سے آگے نکل آئی ہے۔ ٹیسلا کی جانب سے ستمبر 2025 کے اختتام تک 12 لاکھ 20 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت رپورٹ کی گئی تھی، جبکہ کمپنی کی مکمل سالانہ رپورٹ جلد جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بی وائے ڈی نے یہ تفصیلات ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ امریکا میں بی وائے ڈی اور دیگر چینی کمپنیوں کو بھاری ٹیرف کا سامنا ہے، تاہم جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ میں کمپنی کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یاد رہے کہ سال 2024 میں ٹیسلا نے معمولی فرق سے بی وائے ڈی پر برتری حاصل کی تھی، جب ٹیسلا نے 17 لاکھ 90 ہزار جبکہ بی وائے ڈی نے 17 لاکھ 60 ہزار الیکٹرک گاڑیاں فروخت کی تھیں۔