(سٹی 42) اربوں روپے کے قرضے بھی 2020 میں حکومتی اخراجات پورے نہ کر سکے، نئے نوٹ چھاپنے کا ریکارڈ بن گیا، حکومت نے اخراجات پورے کرنے کے لیے سال کے دوران اوسطا ہر روز 3 ارب روپے کے نئے نوٹ جاری کیے۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق 2020 کے دوران جنوری سے 25 دسمبر تک حکومت کی طرف سے مجموعی طور پر 1 ہزار 85 ارب 89 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے، جو سال 2019 کے مقابلے میں 46.6 فیصد زیادہ ہیں،سال 2019 کے بارہ ماہ کے دوران 740 ارب 77 کروڑ روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے تھے۔
سال کے دوران حکومت نے بجٹ اخراجات پورے کرنے کے لیے بینکنگ سیکٹر سے 2 ہزار 390 ارب 400 ارب روپے قرض بھی لیا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق حکومتی اخراجات میں آمدنی کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت آمدنی کے مطابق خرچ کرنے کی بجائے اخراجات پورے کرنے کے لیے نئے نوٹ چھاپنے شروع کر دیتی ہے، جو مہنگائی کی ایک بہت بڑی وجہ ہے۔