ویب ڈیسک: بھارتی فوج میں اہم تبادلے۔۔۔ لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کو بھارتی فوج کی شمالی کمان کا جی اوسی ان چیف، لیفٹیننٹ جنرل پی جی کے مینن کو آرمی ہیڈکوارٹر میں ملٹری سیکرٹری تعینات کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سکھ رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ اور جنرل مینن اس سے قبل مشرقی کمان کے 71 ویں ڈویژن کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ اپنے 14 ماہ تعیناتی کے عرصہ کے دوران انہوں نے لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چین بھارت تنازع کو حل کرنے کے لئے اہم اقدامات کئے۔
لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے منگل کو ادھم پور میں فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف کا عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل یوگیش کمار جوشی کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد یہ عہدہ سنبھالا ہے۔
یاد رہے بھارتی فوج کی شمالی اور مشرقی کمان چین کے ساتھ سرحد کی ذمہ دار ہے۔ بھارت اور چین کے درمیان تقریباً 21 ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے، اس دوران دونوں فریق کے درمیان فوجی سطح کے مذاکرات کے 41 دور بھی ہو چکے ہیں۔ لیکن ابھی تک اس تنازع کا کوئی حل نہیں نکل سکا۔