زندہ دلان کے شہر میں صوفی میوزک فیسٹیول9 فروری سے شروع ہوگا

زندہ دلان کے شہر میں صوفی میوزک فیسٹیول9 فروری سے شروع ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رضوان نقوی) میلوں ٹھیلوں کے شہر  کی اصل شناخت بحال کرنے اور صوفیوں کا پیغام عام کرنے کیلئے رفیع پیر تھیٹر کا تین روزہ صوفی میوزک فیسٹیول9فروری کو الحمرا ہال قذافی سٹیڈیم میں شروع ہوگا، سروں کے سلطان راحت فتح علی خان، سائیں ظہور، شیما کرمانی اور پپوسائیں سمیت 29 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق رفیع پیر تھیٹر کے زیراہتمام صوفی میوزک فیسٹیول الحمرا ہال قذافی سٹیڈیم میں 9 فروری سے شروع ہوگا۔ صوفی میوزک فیسٹیول میں 29فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ رفیع پیر تھیٹر کے صوفی فیسٹیول کے پہلے روز شہرہ آفاق گلوکار راحت فتح علی خان صوفی گائیکی کا جادو جگائیں گے۔ صوفی گائیگی سے جڑی ہوئی دھمال بھی میوزک فیسٹیول کا اہم حصہ ہوگی۔

11فروری تک جاری رہنے والےصوفی میوزک فیسٹیول میں معروف صوفی گائیک سائیں ظہور، صنم ماروی، گلگت بلتستانی گروپ، صوفی گلوکارہ تحسین سکینہ، پپو سائیں اور گونگا مٹھو ڈھولیا، شیما کرمانی سمیت دیگر معروف گلوکار اور فنکار شائقین کو محظوظ کریں گے۔

رفیع پیر تھیٹر کے چیف آپریٹنگ آفیسر سادان پیرزادہ نے سٹی 42سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ گھٹن زدہ ماحول میں پاکستان کا مثبت تاثر اُجاگر کرنے کیلئے رفیع پیر تھیٹر گزشتہ بیس سالوں سے صوفی میوزک فیسٹیول کا اہتمام کر رہا ہے۔

سادان پیرزادہ نے بتایا کہ لاہور سمیت دنیا بھر سے آنے والے شائقین سارا سال صوفی میوزک فیسٹیول کا انتظار کرتے ہیں۔