رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں جاری چار بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں بچوں کی ہارٹ سرجریز، ٹرانسپلانٹ پروگرام اور ڈائیلائسز سہولیات کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 16,625 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی، جن میں سے 11 ہزار سے زائد کامیاب سرجریز مکمل ہو چکی ہیں۔ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں 7,664 بچوں کے آپریشنز اور دیگر طبی پروسیجرز مکمل کیے گئے جبکہ 3,802 بچوں کا علاج مکمل طور پر سرکاری خرچ پر کیا گیا۔
سی ایم سپیشل انیشی ایٹو برائے ٹرانسپلانٹ پروگرام کے حوالے سے بتایا گیا کہ 2,001 مریض رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں سے 1,574 مریضوں کی کامیاب ٹرانسپلانٹیشن کی جا چکی ہے۔
اس پروگرام کے تحت 255 مریضوں کو مفت لیور ٹرانسپلانٹ فراہم کیا گیا، جبکہ ہر لیور ٹرانسپلانٹ پر حکومت پنجاب نے تقریباً 65 لاکھ روپے خرچ کیے۔ اسی طرح 799 مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری مکمل کی گئی، 460 مریضوں کے کوکلیر ٹرانسپلانٹ کیے گئے، جبکہ 32 کارنیل اور 28 بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی مفت انجام دیے گئے۔
اجلاس میں سی ایم سپیشل ڈائیلائسز پروگرام کی کارکردگی بھی پیش کی گئی، جس کے مطابق 38,125 مریضوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے اور پروگرام کے تحت اب تک ساڑھے 15 لاکھ سے زائد ڈائیلائسز پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں ان منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے اور زیادہ سے زیادہ مریضوں تک سہولیات پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔