سٹی 42: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں اور سلامتی کونسل میں جاری امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر آج بشکیک میں ہوئی نائب وزیراعظم نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو آگے بڑھانے کیلئے انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے مضبوط عزم اور دیرینہ و قریبی شراکت داری کا اعادہ بھی کیا ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہا جبکہ علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی خدمات کی تعریف کی۔
نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے انتونیو گوتریس نے قبول کرلیا دفتر خارجہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کے ساتھ رابطہ کرکے سیکریٹری جنرل کے دورۂ پاکستان کی تاریخوں کو حتمی شکل دے گا۔