زین مدنی:سٹیج، ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار انور علی انتقال کر گئے، جس سے فنکاروں اور شائقین میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق سٹیج، ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار انور علی پھیپھڑوں اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور کئی دنوں سے علیل تھے۔ گزشتہ شب ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں رائیونڈ روڈ کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں طویل علالت کے بعد وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
انور علی کی عمر 65 برس تھی ,اداکار کے بیٹے نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے مختلف طبی مسائل کا شکار تھے اور حالیہ دنوں میں ان کی صحت مزید خراب ہوئی تھی۔ انہیں فالج اور دل کے مسائل بھی لاحق تھے اور وہ چند روز قبل لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں آئی سی یو میں زیر علاج رہے۔
انورعلی کاشمارتھیٹرکے سینئرفنکاروں میں ہوتاتھا،اپنے منفرد انداز اور بے مثال طنز و مزاح سے انہوں نے لاکھوں لوگوں کے دل جیتے،ان کانام کسی بھی ڈرامے کی کامیابی کی ضمانت سمجھاجاتاتھا۔
انور علی نے ابابیل، ہوم سویٹ ہوم اور اندھیرا اجالا سمیت درجنوں ٹی وی ڈراموں میں کام کیا اور عوام میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔ تاہم کافی عرصہ پہلے انہوں نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا اور مکمل طور پر مذہب کی طرف رجحان اختیار کر لیا تھا۔
یاد رہے کہ اداکار انور علی کی نماز جنازہ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا,مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔