ملک اشرف : محکمہ صحت کے درجہ چہارم کے ملازمین کی ممکنہ برطرفی کا معاملہ،ملازمین نے ملازمت کےتحفظ کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے محمد تجمل سمیت دیگر ملازمین کی درخواست پر سماعت کی ،درخواستگزاروں کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ محکمہ صحت خوشاب میں درجہ چہارم کی پوسٹ پر بھرتی ہوئے تھے۔ ناکام امیدواروں نے بھرتی نہ ہونے پر صوبائی محتسب کو درخواست دے دی، جس پر صوبائی محتسب نے درخواست گزاروں کا مؤقف سنے بغیر بھرتی منسوخ کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی محتسب کا بھرتی منسوخ کرنے کا فیصلہ حقائق اور قانون کے منافی ہے اور اس بنیاد پر اب محکمہ صحت کے افسران ملازمین کو برطرف کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔درخواستگزاروں نے استدعا کی کہ عدالت صوبائی محتسب کے فیصلے کو کالعدم قرار دے اور محکمہ صحت کو انہیں برطرف کرنے سے روکے۔