ملک میں ٹرین آپریشن کب بحال ہوگا؟ اہم خبر آگئی

Train Service,Flood,Karachi
کیپشن: Train
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کا ٹرین آپریشن آج بھی معطل ہے جس کے سبب کراچی کینٹ اسٹیشن بھی ویران پڑا ہے۔

پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کا اندرون ملک ٹرین رابطہ 26اگست سے منقطع ہے ٹنڈو آدم سے روہڑی تک متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے اندرون ملک ٹرین آپریشن مزید 3 دن کے لیےمعطل رہے گا، کراچی سے روہڑی تک سنگل لائن کارگو ٹرین آپریشن شروع کیا گیا ہے۔روہڑی سے نوابشاہ تک ڈاؤن ٹریک ابھی تک ٹرین آپریشن کے لیے مرمت نہیں ہوا، پڈعیدن ریلوے اسٹیشن سے بھریاروڈ تک ریلوے ٹریک پر7انچ سے زیادہ پانی موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق دوڑ اور باندھی کے درمیان ریلوے ٹریک پر 5انچ تک پانی جمع ہے جبکہ بوچیری ریلوے یارڈ سے 4کلومیٹر تک ریلوے ٹریک زیرآب ہے.اطلاعات کے مطابق بوچیری سے نواب شاہ تک متعدد مقامات پر ریلوے ٹریک پر15انچ سے زائد پانی موجود ہے اس کے علاوہ ٹنڈو آدم سے روہڑی تک ٹریک اور اطراف کا علاقہ زیر آب ہے اور سگنل سسٹم بھی کام نہیں کررہا۔

کراچی کینٹ اسٹیشن پر ویرانی کے باعث مسافروں اور ان کے سامان کا تعاقب کرتے قلی کام نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جب تک ٹریک سے پانی مکمل طور پر صاف نہیں ہوجاتا ٹرین سروس بحال نہیں ہوگی۔