سٹی42: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو شہریوں نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ مختلف شہروں میں شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ان کی زندگیوں کو مزید مشکل بنا رہا ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ مہنگائی پہلے ہی ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے اور اب پٹرول مہنگا ہونے سے نہ صرف روزمرہ اخراجات میں اضافہ ہوگا بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھ جائیں گے، جس سے عام آدمی پر مزید بوجھ پڑے گا۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے جینا محال کر دیا ہے، دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ دوسرے نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرنا چاہیے، نہ کہ ہر پندرہ دن بعد قیمتیں بڑھا کر مسائل میں اضافہ ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائے۔
یاد ررہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 4روپے 7 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا گیا، نئی قیمت 264 روپے 61 سے بڑھ کر 268 روپے 68 پیسے ہوگئی۔اِسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل 4 روپے 4 پیسے بڑھ گیا، نئی قیمت 272 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 276 روپے 81 پیسے مقرر کی گئی ہے۔وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔