ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹرمپ کے منصوبہ کے تمام نکات پر مزید وضاحتیں درکار ہیں، قطر کا ردعمل

ٹرمپ کے منصوبہ کے تمام نکات پر مزید وضاحتیں درکار ہیں، قطر کا ردعمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان  نے کہا ہے  کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کے کئی نکات وضاحت اور مذاکرات کے متقاضی ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے معاملے پر وضاحت درکار ہے اوراس پر  مزید  بات چیت ہونی چاہیئے۔

قطر کے وزیراعظم نے بتایا کہ پیر کو جو  پیش کیا گیا وہ اصولوں کی ایک فہرست تھی جس کی تفصیل پر  بات چیت کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا، امید ہے تمام فریق منصوبے کو تعمیری انداز میں دیکھیں گے۔ غزہ میں عبوری انتظامیہ پر  امریکہ کے ساتھ بات چیت کی جائے گی؛  اس کا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں،  ٹرمپ کےمنصوبے میں جنگ بندی کو  ایک واضح شق کے طور پر شامل کیا گیا ہے، امید ہے جنگ کے فریقین جنگ کے خاتمے کے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ 

الجزیرہ  نیوز کو ٹرمپ کے منصوبے پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے  قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان نے حماس پر واضح کیا  کہ ہمارا اولین مقصد جنگ روکنا ہے۔  حماس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کے منصوبے کا جائزہ لینے کا وعدہ کیا ہے، ٹرمپ کا منصوبہ جنگ ختم کرنے کے بنیادی مقصد کو  حاصل کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  آج غزہ ثالثی اجلاس میں مصر  اور  ترکیے کے حکام بھی شریک ہوں گے، منصوبہ منظور  ہوا  تو  عرب  اور  اسلامی ممالک فلسطینیوں کی حمایت کرنے والے تمام طریقہ کار  میں شرکت کا خیرمقدم کریں گے۔ منصوبہ ابتدائی مراحل میں ہے، قطر ایسا راستہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے جو فلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔