سٹی42: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
باغوں کے شہر لاہور میں سانس لینا دشوار ہوگیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 398 ریکارڈ کیا گیا جبکہ کئی علاقوں میں آلودگی کی شرح 1000 سے بھی تجاوز کر گئی۔سول سیکرٹریٹ میں اے کیو آئی 1018، ساندہ روڈ 997، راوی روڈ 820 اور جی سی یو کے اطراف 686 ریکارڈ ہوئی۔ ڈی ایچ اے فیز 8 میں آلودگی کی سطح 598، اقبال ٹاؤن 563، سید مراتب علی روڈ 561 اور صدر میں 548 ریکارڈ کی گئی۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ باہر نکلتے وقت ماسک لازمی استعمال کریں تاکہ سانس کی بیماریوں اور آنکھوں میں جلن سے بچا جا سکے۔
شہر قائد کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 170 ریکارڈ کی گئی جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری اور نمی 51 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔
رواں سال سردی خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ نومبر میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی متوقع ہے۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.7 ڈگری اور نمی کا تناسب 19 فیصد ریکارڈ ہوا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم خشک اور ٹھنڈا رہنے کا امکان ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 اور کم سے کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گاجبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی رہے گی۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخو پورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان اور بہاولپور میں اسموگ رہنے کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔