( در نایاب ) پنجاب حکومت کو مالی بحران کا سامنا، حکومت نے اے ڈی پی کی سکیموں کی مد میں ایل ڈی اے کے کروڑوں کے فنڈز ضبط کرلیے، ادارے کے پرسنل اکاؤنٹ میں سے بھی اورنج لائن منصوبے کے لیے چالیس کروڑ کے فنڈز استعمال کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لیے اے ڈی پی کی جاری ترقیاتی سکیموں میں گیارہ سپورٹس کمپلیکس، اک موریہ پل اور شہر میں تین نئی سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ معطل ہوگیا ہے۔
آئندہ سکیموں میں شاہکام چوک فلائی اوور کا منصوبہ بھی کھڈے لائن لگ گیا جبکہ ایل ڈی اے کو اپنے اکاؤنٹ سے تنخواہوں اور بجلی کے بل ادا کرنے کی اجازت دیکرباقی فنڈز فریزکردیئے گئےہیں۔
پرسنل اکاؤنٹ میں اورنج لائن کے ایٹ گریڈ منصوبوں کی بارہ سکیمیں بھی شدید بحران کا شکار ہوگئیں۔ اورنج لائن پر فنشنگ، سڑکوں کی بحالی، سیوریج سسٹم اور ڈرینوں کی تعمیر کا کام روک دیا ہے۔
کنٹریکٹرز کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی فنڈز کٹوتی پالیسی وزیراعظم کی کنسٹرکشن پالیسی کےفروغ کی کاوشوں کے منافی ہے۔ چیف انجنیئر ایل ڈی اے ڈاکٹر حبیب الحق رندھاوا کا کہنا ہے کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر کٹ لگنے سے اتھارٹی کو مشکلات کا سامنا تو ہوگا تاہم ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ اون سورس چھوٹے تعمیراتی کام بالکل متاثر نہ ہوں۔