قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ہو جائیں ہوشیار! وزیراعلی کا بڑا فیصلہ

Mohsin Naqvi
کیپشن: Mohsin Naqvi
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور ہر شہر میں قانون کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بعض شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی روکنے کے لئے دفعہ 144نافذ ہے اور اگر کہیں واقعہ ہواتو متعلقہ ڈی پی او ذمہ دار ہوگا۔ پتنگ بازی کے نتیجے میں کسی بھی انسانی جان کا ضیاع برداشت نہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی یقینی بنائے اور پتنگ بازی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پابندی کے باوجود ڈور اور پتنگیں تیار ہونا تشویشناک امر ہے۔ پتنگ بازی کے باعث حادثات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے پر دلی افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصوراوردیگر اضلاع میں متوقع پتنگ بازی کے سدباب کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کا اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ،سرگودھا، ملتان اور فیصل آباد ڈویژن کے کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈپٹی کمشنر ز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔