ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے 2027-28 کے انتخابات کیلئےسیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اس سلسلے میں انڈیپینڈنٹ گروپ نے لاہور ہائیکورٹ بار کی صدارت کے لیے سینئر وکیل ہارون دوگل کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
ایڈوکیٹ ہارون دوگل کی بطور صدارتی امیدوار لاہور ہائیکورٹ بار نامزدگی کے متعلق پاکستان بار کونسل کے سب آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وکلاء برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کی حمایت کا اعلان کیا۔ تقریب میں سینئر وکیل رہنما احسن بھون نے خصوصی شرکت کی جبکہ ممبر پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چوہدری، ممبر پاکستان بار کونسل ثاقب اکرم گوندل اور طاہر نصراللہ وڑائچ بھی موجود تھے۔
تقریب میں سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار خواجہ محسن عباس، صدر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم لاہور رفاقت علی ڈوگر، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار اصغر گل سمیت متعدد سینئر وکلاء رہنماؤں اور بار کے معزز اراکین نے شرکت کی۔اس موقع پر ہارون دوگل کے حق میں وکلاء کی جانب سے بھرپور حمایت کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابی میدان میں ان کی باقاعدہ انٹری کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔