ابوبکر ارشد: مہنگائی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث شہریوں کو سستا پروٹین بھی مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں ہو سکا۔ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتیں مارکیٹ میں سرکاری ریٹس سے زیادہ وصول کی جا رہی ہیں، جس پر شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 475 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مختلف بازاروں اور دکانوں پر یہ 520 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اس طرح شہریوں کو فی کلو گوشت پر اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے۔
اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 239 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں انڈے 255 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث متوسط اور کم آمدن والے طبقے کے لیے بنیادی غذائی اشیاء کی خریداری مزید مشکل ہو گئی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔