شہر میں پٹرول کی قلت


( حسن خالد ) متعدد پٹرول پمپس بند، فیول کی عدم دستیابی کے باعث شہری پٹرول کی تلاش میں رل گئے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تو ہوگئی مگر عوام کی پریشانی کم نہ ہوسکی۔ لاہور بھر میں پٹرول کی قلت سر اٹھانے لگی۔ بروقت سپلائی نہ ہونے سے پٹرول کی کمی کا سامنا درپیش ہے۔

پٹرول کی سپلائی بروقت نہ ہونے کے باعث شمالی لاہور کے پٹرول پمپس پر فروخت بند ہوگئی۔ جن پمپس پر پٹرول دستیاب ہے وہاں لمبی لائنیں لگ گئیں۔ شہری پیدل پٹرول کی تلاش میں ذلیل و خوار ہونے لگے۔

پٹرول پمپ انتظامیہ کے مطابق وزارت پٹرولیم سے لاک ڈاؤن کے دنوں میں امپورٹ منصوبہ فائنل کرنے اور پٹرول ذخیرہ کرنے میں غیر معمولی تاخیر کی۔

حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نجی کمپنیوں کی نااہلی کے باعث شہر میں پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر پٹرول میں دس روپے کم کیے گئے ہیں تو روٹی اور دیگر اشیائے خوردنی کی قیمت میں اضافہ بھی کردیا گیا ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کی طرح دیگر اشیائے خورونوش میں بھی کمی کی جانی چاہیے۔