جنید ریاض:کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں قائم ٹیوشن سنٹرز، اکیڈمیز اور تعلیمی عمارتوں کا ہنگامی سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق سروے تین روز کے اندر مکمل کیا جائے گا، جس کے لیے زونل ہیڈز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی لاہور، طارق محمود کے مطابق سروے کے دوران سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت، حفاظتی معیار اور زیر تعلیم بچوں کی تعداد کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
طارق محمود نے بتایا کہ سروے رپورٹ کی روشنی میں اگلے مرحلے میں ٹیوشن سنٹرز اور اکیڈمیز کی رجسٹریشن سے متعلق پالیسی اور فیصلے کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سروے مکمل ہونے کے بعد کمیٹیاں اپنی تفصیلی رپورٹس ایجوکیشن اتھارٹی کو پیش کریں گی، جن کی بنیاد پر آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔