تاجروں کی حکومت کو بڑی دھمکی

تاجروں کی حکومت کو بڑی دھمکی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ، شہزاد خان ابدالی ) سمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع سےشہرکی تاجر برادری عاجز آگئی، شاہ عالم، اعظم مارکیٹ سمیت اندرون لاہور کے تاجروں نے مشاورت کے بغیر رات گئے لاک ڈاؤن میں توسیع کے مخالفت کر دی، تاجر برادری نے سمارٹ لاک ڈاؤن کیخلاف بغاوت کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہ عالم مارکیٹ بورڈ کے صدر خواجہ عامر، اعظم کلاتھ مارکیٹ بورڈ کے صدر لیاقت سیٹھی، کشمیری بازار، رنگ محل واندورن شہر کی دیگرمارکیٹوں کے صدور اور سیکرٹریز نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ خواجہ عامر کا کہنا تھا کہ چند گلیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے لیکن نااہل حکومت نے سارا اندرون لاہور ہی بند کر دیا۔

صدر اعظم مارکیٹ لیاقت سیٹھی اور تاجر رہنما ندیم ہاشمی کا کہنا تھا کہ والڈ سٹی میں کم و بیش ڈیڑھ لاکھ دکانیں ہیں، لاک ڈاؤن سے ان دکانوں سے منسلک کروڑوں افراد بےروزگار ہوئے ہیں۔ انتظامیہ بتائے اعظم مارکیٹ سے کتنے کیس نکلے ہیں، پہلے مارکیٹیں بند کرکے احتجاج کرتے تھے، اب مارکیٹیں کھول کر احتجاج کریں گے۔

تاجربرادری نے مشترکہ اعلان کیا کہ اب اگر دوبارہ رات بارہ بجے سمارٹ لاک ڈاؤن میں نوٹیفکیشن کے ذریعے اعلان کیا گیا تو شہر بھر کی تاجر برادری مخالفت کرے گی۔ انتظامیہ نے تاجروں کو اعتماد میں نہ لیا تو شہر بھر کی دکانیں چار جولائی کو کھول دیں گے۔

دوسری جانب گلبرگ اور دیگر سیل کیے جانے والے علاقوں کے تاجروں نے کاروباری مراکز کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کا مطلب صرف متاثرہ گلی محلوں کو سیل کرنا ہے، پنجاب حکومت نے مارکیٹوں وبازاروں کو بند کرکے تجارتی سرگرمیوں اور تاجروں کو نقصان پہنچایا ہے۔

صدر لاہور چیمبرعرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں زاہد جاوید نے بھی تاجروں کے موقف کی تائید کردی۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پنجاب حکومت تاجر برادری کے موقف کو سمجھے اور سیل کی گئیں مارکیٹس وبازار فوری کھولے۔ میاں زاہد جاوید کہتے ہیں کہ کرائے دار تاجر اپنی جمع پونجی بھی خرچ کرچکے اب وہ لاک ڈاؤن کے مزید متحمل نہیں ہوسکتے۔

لاہور چیمبر کےعہدیداروں نے کہا کہ اگر حکومت نے تاجروں کے مطالبات پر کان نہ دھرے تو ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین وچھوٹے تاجروں کا ذریعہ معاش ختم ہوجائے گا۔