ایک ماہ میں ایک کھرب روپے کے محصولات؛ دسمبر 2023 میں نئی تاریخ رقم ہو گئی

FBR, Federal Bureau of Revenue, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وقاص عظیم: ایف بی آر نے  ایک ماہ میں  ایک کھرب روپے سے زائد  کے محصولات جمع کرکے تاریخ رقم کردی۔دسمبر 2023  کے دوران 1021   ارب روپے  کے محصولات جمع کئے گئے۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں جاری کئے گئے 38 ارب روپے کے ریفنڈز ایڈجسٹ کرنے کے بعد خالص محصولات کی وصولی 984 ارب روپے رہی۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے ہدف 4425 ارب روپے کے مقابلہ میں 4468  ارب روپے جمع کئے گئے۔رواں مالی سال کی ششماہی کے دوران 4468 ارب روپے کے ریکارڈ محصولات جمع کئے گئے جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ایک کھرب روپے سے  زیادہ ہیں۔

گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں جاری کئے گئے 177  ارب روپے کے ریفنڈز کے مقابلہ میں اس سال 230  ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے۔  درآمدات میں کمی کے دباؤ کے اثرات کو  جذب کرنے  کے لئے ڈومیسٹک ریونیو بڑھایا گیا۔

ایف بی آر کے مطابق  براہ راست اور باالواسطہ ٹیکسوں کے تناسب میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔مالی سال کی پہلی ششماہی میں براہ راست ٹیکسوں کا حصہ بڑھ کر 49   فیصد ہو چکا ہے۔صرف دسمبر کے مہینے میں براہ راست ٹیکسوں کا حصہ 59  فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران براہ راست ٹیکسوں کی مد میں 41   فیصد اضافہ ہوا ہے۔