(حافظ شہباز علی) سری لنکا اور بنگلہ دیش کے بعد جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ مارچ 2020 کے آخر میں تین ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے پر غور کرنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رواں سال کرکٹ کی بڑی ٹیمیں آنے کی تیاریاں کرنے لگیں، سری لنکن کرکٹ ٹیم ون ڈے، ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے بعد بنگلا دیش کی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کھیل چکی ہے جبکہ آئندہ ماہ کے دوران ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئے گی، جس کے بعد پاکستان سپر لیگ شروع ہو جائے گی جبکہ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد مہمان ٹیم ایک مرتبہ پھر سیریز کے تیسرے مرحلے میں شرکت کے لیے قومی میدان میں رونقیں بڑھانے آئے گی۔
اسی حوالے سے ایک اور خوشخبری سامنے آئی ہے جس کے مطابق پروٹیز کرکٹ ٹیم تین ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے مارچ 2020 کو پاکستان آئے گی، جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان کے محدود دورے کے لیے غور کر رہی ہے، اس دورے کے دوران پروٹیز ٹیم تین ٹی 20 میچز کھیلے گی، یہ سیریز ایسے وقت میں ہو گی جب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم بھارت سے ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد فارغ ہو گی، یہ سیریز 18 مارچ کو اختتام پذیر ہو گی۔
18 مارچ کو جنوبی افریقہ اور بھارت کی سیریز کے اختتام کے بعد پروٹیز سکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کرےگا اور ملک میں کرکٹ کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سکیورٹی صورتحال کا بغور جائزہ لے گا۔
ذرائع کے مطابق اس سکیورٹی وفد کی سربراہی رورے سٹین کریں گے، رورے سٹین اپنے وفد کے ساتھ پاکستان آئیں گے اور سکیورٹی کیساتھ ساتھ ٹیم کو ہوٹلز سے گراؤنڈز تک لے جانے والی ٹرانسپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ رپورٹ جنوبی افریقی بورڈ کو دیں گے، قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رپورٹ کے بعد پروٹیز ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی۔ پروٹیز ٹیم آخری بار پاکستان میں 2007 میں آئی تھی، اس سیریز کے بعد پاکستان دو سیریز کی میزبانی یو اے ای نے کی تھی یہ سیریز 2010 اور 2013 میں ہوئیں تھیں۔
سیریز کے انعقاد کے امکانات اس وقت روشن ہوئے جب بنگلا دیش کے موجودہ کوچ رسل ڈومینگو جنہوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، رسل ڈومینگوجنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ہیں۔ تاہم نیل مکینزی نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔