(فصیح اللہ) عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی ، مونس الہٰی اور ایم این اے حسین الہٰی نے ملاقات کی، چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی ، مونس الہٰی اور ایم این اے حسین الہٰی کی زمان پارک آمد ،تینوں رہنماؤں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال اور پنجاب اسمبلی کے رولز آف پروسیجر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور ٹیکنیکل پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا،وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے جاری پروگرام کے بارے عمرا ن خان کو آگاہ کیا۔پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے مستقبل کے بارے میں حتمی مشاورت ہو گی۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہاعمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہوگی۔پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں دے دی ہےہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔