سٹی 42: پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں اور مون سون کی صورتحال سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی نارمل سطح پر بہہ رہا ہے، جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ کالا باغ میں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ میں 2 لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزیر آباد کے نالہ پلکھو میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 3,500 کیوسک ہے، جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر اور نالہ بئیں میں بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے خبردار کیا ہے کہ بالائی کیچمنٹ ایریاز میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری آمدورفت اور سیر و تفریح سے گریز کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز پانی میں نہانے نہ دیا جائے۔