سٹی42: ٹک ٹاک نے پاکستانیوں کی ایک کروڑ 85 لاکھ ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں.
شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی مینیجمنٹ کے مطابق کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں پر پاکستان میں اکتوبر سے دسمبر 2023 ک کے عرصہ کے دوران ایک کروڑ 85 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کی گئیں۔
ان تین ماہ کے دوران ٹک ٹاک نے باقی دنیا میں تقریباً پونے 18 کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ یا حذف کیں۔ ٹک ٹاک اور دوسرے سوشل پلیٹ فارمز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں پر روزانہ ہزاروں ویڈیوز اور پوسٹس ڈیلیٹ کرتے ہیں۔
عام طور پر تشدد کے مناظر سےبھرپور ویڈیوز سمیت دوسروں کی توہین، تضحیک اور دل آزاری کا سبب بننے والی ویڈیوز اور پوسٹس کو ڈیلیٹ کیا جاتا ہے۔
ٹک ٹاک نے 2023 کی چوتھی اور آخری سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈلائنز کے نفاذ کی جو رپورٹ جاری کی، اس کے مطابق اکتوبر تا دسمبر، 2023 کے دوران دنیا بھر میں مجموعی طور پر سترہ کروڑ چونسٹھ لاکھ اکسٹھ ہزار نو سو تریسٹھ 176،461،963 وڈیوز پلیٹ فارم سے ہٹائی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہٹائی گئی ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئیں تمام ویڈیوز کا تقریباً 1.0 فیصد ہیں، ان ویڈیوز میں سے 128,300,584 خود کار نظام کے ذریعے جبکہ اسی لاکھ اڑتیس ہزار ایک سو چھ 8,038,106 ویڈیوز کو ریویو کے بعد حذف کیا گیا۔
کمیونٹی گائیڈ لائنز کی وائیلیشن، سپیم اور کم عمر یوزر
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی عرصے کے دوران پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 18,596,077 ویڈیوز حذف کیں گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے علاوہ ٹک ٹاک نے فعال طور پر سپیم (spam) اکاؤنٹس اور ان سے متعلقہ کانٹینٹ کو بھی ڈیلیٹ کیا اور خودکار طریقے سے اسپیم اکاؤنٹس(spam accounts)کی پیدائش روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔ ٹک ٹاک نے گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کرنے والی تقریبا 95.3 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر حذف کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے ٹک ٹاک نے 19,848,855 ایسے اکاؤنٹس حذف کیے، جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر افراد سکے زیر استعمال تھے۔
مکمل جائزہ کے بعد کارروائی
یہاں یہ بات واضح رہے کہ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی اور تشخیص کے لیے ٹک ٹاک جدید ٹیکنالوجی سمیت انسانوں کی خدمات سے بھی مدد لیتا ہے اور مکمل جائزے کے بعد قابل اعتراض مواد اور اکاﺅنٹس کو ڈیلیٹ کیا جاتا ہے۔